گمس نے پاکستان میں پہلی کامیاب سیمی ایکٹو روبوٹک نیورو اسپائن سرجری انجام دے کر ایک نئی طبی تاریخ رقم کر دی
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) نے پاکستان کے شعبۂ صحت میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ملک کی پہلی کامیاب Semi Active Robotic Neurospine Surgery انجام دے دی ہے۔یہ شاندار کامیابی سندھ حکومت کے عوام دوست وژن، جدید طبی سہولیات کے فروغ اور عالمی معیار کی صحت کی خدمات کی فراہمی کے عزم کی روشن مثال ہے۔اس تاریخی کامیابی پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی قیادت، سرپرستی اور صحت کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ان کی کاوشوں کے باعث سندھ کے عوام کو جدید ترین طبی سہولیات اپنے ہی صوبے میں میسر آ رہی ہیں، جو ماضی میں صرف چند ترقی یافتہ ممالک تک محدود تھیں۔ترجمان گمس جمیل حیدر نے بتایا کہ گمس ہسپتال گمبٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی مؤثر قیادت اور دور اندیش حکمت عملی کے نتیجے میں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مسلسل نئی طبی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف پیچیدہ نیورو اسپائن سرجریاں ممکن ہو رہی ہیں بلکہ مریضوں کو زیادہ محفوظ، مؤثر اور معیاری علاج بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ یہ تاریخی روبوٹک نیورو اسپائن سرجری، ہیڈ آف روبوٹک نیورو اسپائن سرجری ڈاکٹر پیر اسد عزیز اور ان کی ماہر ٹیم نے کامیابی سے انجام دی۔ روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے سرجری کی درستگی میں اضافہ، خون کے کم ضیاع، کم درد، کم پیچیدگیوں اور مریض کی جلد صحت یابی جیسے نمایاں فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان، خصوصاً سندھ، جدید طبی ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ملک کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کرنے والے نمایاں اداروں میں شامل ہو چکا ہے۔ادارے کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی جدید تحقیق، روبوٹک سرجری، جدید طبی ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی صحت کی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بہترین اور معیاری علاج ان کی دہلیز پر میسر ہو۔