*یکم جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ*
کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع جبکہ یکم سے 4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔