6

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت بورڈ آف

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے مالی سال 2026-27 کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، تعلیمی سہولیات کی بہتری اور مستقبل کی ضروریات کے پیشِ نظر ترقیاتی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے بورڈ کی عمارت، بنیادی ڈھانچے، دفتری سہولیات، ریکارڈ کے مؤثر انتظام، طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی خدمات اور امتحانی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی منصوبے کو بورڈ کی ضروریات، دستیاب وسائل اور عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے جامع انداز میں مرتب کیا جائے۔ اس ضمن میں جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن، امتحانی و دفتری نظام میں بہتری، آن لائن سہولیات کے فروغ اور طلبہ و والدین کے لیے خدمات کی فراہمی کو مزید آسان اور مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
کمشنر سرگودھا نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور امتحانی بورڈز کی مضبوطی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن سے بورڈ کی انتظامی صلاحیت میں اضافہ ہو، امتحانی امور میں شفافیت اور سہولت پیدا ہو اور طلبہ و طالبات کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ ترقیاتی سکیموں کی ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے قابلِ عمل، مؤثر اور نتائج پر مبنی منصوبہ تیار کیا جائے، تاکہ مالی سال 2026-27 میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں