10

سکھر: شاپ کیپر ایسوسی ایشن غریب آباد کی نومنتخب کابینہ کا پہلا اجلاس، مرکزی تاجر تنظیم سے الحاق کے اختیارات صدر کو سونپ دیے

سکھر: شاپ کیپر ایسوسی ایشن غریب آباد کی نومنتخب کابینہ کا پہلا اجلاس، مرکزی تاجر تنظیم سے الحاق کے اختیارات صدر کو سونپ دیے

سکھر(بیورورپورٹ)شاپ کیپر ایسوسی ایشن غریب آباد سکھر کی نومنتخب کابینہ کا پہلا تعارفی اجلاس جمعہ کے روز ظفر کلاتھ پر صدر لالا عابد کھوکھر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرپرستِ اعلیٰ عبدالرحمٰن عباسی، چیئرمین عبدالحمید کمبوہ سمیت کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد جنرل سیکرٹری ظفر اقبال صدیقی نے نومنتخب کابینہ کے تمام عہدیداران اور اراکین کا تعارف پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لالا عابد کھوکھر نے کہا کہ غریب آباد بازار میں منعقد ہونے والے شفاف اور جمہوری انتخابات نے سکھر کے دیگر چھوٹے اور بڑے بازاروں کے تاجروں کو بھی انتخابی عمل کی جانب راغب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ آج ہم نے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔ سکھر کے بازاروں میں انتخابی ڈنکا بج چکا ہے اور اب بند کمروں میں بیٹھ کر عہدوں کی بندر بانٹ کا دور ختم ہو چکا ہے، جبکہ ووٹ کو عزت دینے کا دور شروع ہو گیا ہے۔‘‘لالا عابد کھوکھر نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور باہمی اتحاد کے لیے منتخب کابینہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔اجلاس کے دوران چیئرمین عبدالحمید کمبوہ نے شاپ کیپر ایسوسی ایشن کو سکھر کی مرکزی تاجر تنظیم کے ساتھ الحاق کرنے کے حوالے سے کابینہ اراکین سے رائے طلب کی۔ اس موقع پر تمام اراکین نے اپنی آرا کا اظہار کیا اور متفقہ طور پر مرکزی تاجر تنظیم سے الحاق کے فیصلے کے تمام اختیارات صدر لالا عابد کھوکھر کو سونپ دیے۔اجلاس کے اختتام پر تاجر برادری کے کاروبار میں ترقی، روزگار میں بہتری اور شہر میں خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں