12

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام “ستھرا پنجاب” کے تحت خدمات

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام “ستھرا پنجاب” کے تحت خدمات انجام دینے والا سینیٹری ورکر سجاد، جو یونین کونسل فدہ میں تعینات ہے، مبینہ طور پر کمپنی کی بے حسی اور بروقت تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے “ستھرا پنجاب” منصوبے کے تحت کام کرنے والے ورکرز کی حالت زار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔متاثرہ ورکر سجاد کے مطابق چند روز قبل ڈیوٹی کے دوران بجلی کے کھمبے سے لٹکتی مین تاروں سے اسے شدید کرنٹ لگا، تاہم حادثے کے باوجود اسے فوری طور پر گھر یا ہسپتال جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ سجاد کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹے تک تکلیف برداشت کرنے کے بعد اسے جانے دیا گیا، جس کے باعث اس کی صحت مزید متاثر ہوئی۔سجاد نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثے کے بعد بھی کمپنی کی جانب سے نہ تو مناسب معاونت فراہم کی گئی اور نہ ہی بروقت تنخواہ اور دیگر واجبات ادا کیے گئے۔ اس کا کہنا ہے کہ کئی دن گزر جانے کے باوجود تنخواہ اور بونس نہ ملنے کے باعث گھر کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور نوبت فاقوں تک جا پہنچی ہے۔ورکر کے مطابق محلے کے دکاندار نے بھی مسلسل ادھار بڑھنے پر مزید راشن دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث گھر میں کھانے پینے کی اشیاء تک ناپید ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب اس کی کمسن بیٹی بیماری اور پاؤں میں انفیکشن کے باعث علاج کی منتظر ہے لیکن مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اسے مناسب طبی سہولتیں میسر نہیں آ رہیں۔
وائرل ویڈیو میں سجاد کی معصوم بیٹی روتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کرتی ہے کہ اس کے والد کی رکی ہوئی تنخواہ جاری کی جائے، راشن فراہم کیا جائے اور ان کے خاندان کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ بچی کی درد بھری فریاد نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر “ستھرا پنجاب” مہم کو کامیاب بنانا مقصود ہے تو صفائی ورکرز کے حقوق، بروقت تنخواہوں اور محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانا ہوگا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار کمپنی سے جواب طلبی کی جائے اور متاثرہ ورکر سجاد و اس کے خاندان کی فوری مالی اور طبی امداد یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں