7

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سرگودھا میڈیکل کالج

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سرگودھا میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن میں شرکت کی، جہاں 250 طلباء و طالبات کو میڈیکل ڈگریاں عطا کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس میں گولڈ، سلور اور برانز میڈلز سمیت خصوصی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے کامیاب گریجویٹس، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سرگودھا میڈیکل کالج کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور سرگودھا میڈیکل کالج نے مختصر عرصے میں تعلیمی و پیشہ ورانہ میدان میں اپنی نمایاں شناخت قائم کی ہے۔کمشنر سرگودھا نے نئے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے علم، مہارت اور کردار کو عوام کی خدمت کے لیے وقف کریں اور پیشہ ورانہ دیانتداری، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت اور طبی تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور نوجوان ڈاکٹرز اس قومی مشن میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل (ر) پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود کیانی بطور مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد ایاز (ستارہ امتیاز)، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فروکہ، فیکلٹی ممبران، والدین اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں