7

محمد سفیان — فرض شناسی، محنت اور تعلیمی خدمت کی روشن مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

محمد سفیان — فرض شناسی، محنت اور تعلیمی خدمت کی روشن مثال

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور اس مقدس شعبے سے وابستہ اساتذہ کرام درحقیقت قوم کے معمار کہلاتے ہیں۔ انہی مخلص، باصلاحیت اور فرض شناس اساتذہ کرم میں محترم محمد سفیان کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جو گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل میں اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتھک محنت اور بے مثال لگن کے ذریعے تعلیمی میدان میں قابلِ قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے محمد سفیان کو غیر معمولی صلاحیتوں، قائدانہ اوصاف اور تدریسی مہارتوں سے نوازا ہے۔ وہ نہ صرف طلبہ کی تعلیمی استعداد کو نکھارنے میں مصروفِ عمل ہیں بلکہ ان کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے شاگرد علمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور اپنے ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔
محمد سفیان کی بہترین کارکردگی اور خدمات کا اعتراف صرف مقامی سطح تک محدود نہیں رہا بلکہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران بھی ان کی صلاحیتوں اور خدمات کے معترف ہیں۔ انہیں مختلف مواقع پر شاندار کارکردگی کے اعتراف میں متعدد تعریفی اسناد سے نوازا جا چکا ہے، جو ان کی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ لگن کا عملی ثبوت ہیں۔ یہ اعزاز نہ صرف سدھا تھل بلکہ پورے علاقے اور تحصیل نورپورتھل کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ان کی کامیابیوں کے سفر میں سکول کے ہیڈ ماسٹر، پی ای ٹی حافظ محمد فہیم الرحمان اور دیگر اساتذہ کرام کا تعاون بھی قابلِ صد ستائش ولائق تحسین و آفرین ہے، جنہوں نے ایک بہترین تعلیمی ماحول کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا۔ تاہم محمد سفیان کی شبانہ روز محنت، جذبۂ خدمت اور ادارے سے وابستگی نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل کو نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک قومی سطح پر ممتاز مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
آج یہ ادارہ تعلیمی معیار، نظم و ضبط، کھیلوں، تقریری مقابلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے محمد سفیان جیسے اساتذہ کرام کی خلوص نیت، محنت اور لگن کارفرما ہے، جو اپنے فرائض کو صرف ملازمت نہیں بلکہ قومی خدمت سمجھ کر انجام دیتے ہیں۔
بلاشبہ محمد سفیان ان اساتذہ کرام میں شامل ہیں جو خاموشی سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئی نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ ایسے مخلص اور محنتی اساتذہ کرام قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات جتنا کو بھی خراجِ تحسین پیش کریں کم ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں، عزت اور صحت عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ علم کی شمع روشن کرتے رہیں اور آنے والی نسلوں کی بہترین رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔ آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں