4

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ممتاز قبائلی رہنما نواب ایاز خان جوگزئی کی ملاقات۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ممتاز قبائلی رہنما نواب ایاز خان جوگزئی کی ملاقات۔

دونوں کے درمیان ملاقات میں بلوچستان اور عوامی فلاح کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے سابق رکن قومی اسمبلی، سابق سینیٹر ممتاز قبائلی رہنما اور پشتونخوا عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگزئی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کو درپیش مختلف مسائل، صوبے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع، نوجوانوں کے مستقبل اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور اس کی ترقی دراصل پورے ملک کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر روزگار، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔موجودہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ایک عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے، جس میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایسے اقدامات متعارف کرا رہی ہے جن سے عوامی مشکلات میں کمی، معاشی استحکام، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے سمیت کمزور اور غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی کے امکانات کو مزید تقویت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا عوام دوست بجٹ ہوگا جو عوامی ضروریات اور قومی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے۔پاکستان کی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان ناصر نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام، معاشی مضبوطی اور قومی یکجہتی بنیادی ستون ہیں، اور ہمیں اجتماعی سوچ اور مشترکہ قومی ذمہ داری کے تحت پاکستان کو ترقی یافتہ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی مسائل کے حل، عوامی فلاح اور ملک کی ترقی کے لیے مثبت سیاسی کردار، باہمی مشاورت اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں