5

بااثر رشتے داروں کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف خروس برادری کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

بااثر رشتے داروں کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف خروس برادری کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر ایئرپورٹ باگڑجی کے رہائشی خروس برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ مبینہ ظلم و زیادتیوں، ناانصافیوں اور جان و مال کے تحفظ کے مطالبے کے لیے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں شریک عاشق علی خروس، مسمات حضوراں خروس اور مسمات فرزانہ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے عارف علی خروس نے دو سال قبل بغیر اطلاع کے اپنے رشتدار اربیلو خروس کی بیٹی اور محمد موسیٰ خروس کی پوتی رخسانہ سے پسند کی شادی کی تھی۔ ان کے مطابق شادی کے بعد عارف علی خروس اپنی پہلی بیوی فرزانہ خاتون اور چار بچوں کو چھوڑ کر تقریباً آٹھ ماہ قبل گھر سے چلا گیا، جس کے بعد خاندان کا اس سے کسی قسم کا کوئی تعلق یا رابطہ نہیں رہا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ عارف علی خروس کے گھر چھوڑنے کے واقعے کی رپورٹ بھی متعلقہ تھانے میں درج کرائی جا چکی ہے، تاہم اس کے باوجود رخسانہ کے دادا محمد موسیٰ خروس اور دیگر نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، قیمتی سامان لوٹ لیا اور بھینسیں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ واقعے کی اطلاع تھانہ ایئرپورٹ باگڑجی پولیس کو دی گئی، مگر پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے ان ہی کے خلاف دو جھوٹے مقدمات درج کر دیے۔ مظاہرین کے مطابق گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر محمد موسیٰ خروس اور دیگر مسلح افراد نے ان کے گھر پر حملہ کیا اور گھر کو نقصان پہنچایا۔احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار محمد موسیٰ خروس اور اربیلو خروس کو واضح کر چکے ہیں کہ عارف علی خروس سے ان کا اب کوئی تعلق نہیں، اس کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کے خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، لوٹا گیا سامان اور بھینسیں واپس دلائی جائیں، جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں اور ان کے خاندان کو مکمل تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں