4

سکھر(بیورورپورٹ)روہڑی کے نواحی علاقے، تھانہ کندھرا کی حدود میں واقع یونین کونسل اکبر پور کے

سکھر(بیورورپورٹ)روہڑی کے نواحی علاقے، تھانہ کندھرا کی حدود میں واقع یونین کونسل اکبر پور کے گاؤں گاڑھو کے رہائشیوں نے بااثر افراد کی مبینہ زیادتیوں اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنے معصوم بچوں سمیت احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سید، چاچڑ، پھلپوٹو، جونیجو اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقے کی معزز شخصیات مولا بخش جونیجو، جمال الدین پھلپوٹو، امداد چاچڑ، عبدالحمید چاچڑ، خدابخش پنہور اور عبدالرشید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس علاقے کے صدیوں پرانے مکین ہیں اور ان کے آبائی قبرستان بھی کئی سو سال قدیم ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک بااثر شخص، راجا پھلپوٹو، مبینہ طور پر جعلی لیز اور زرعی اراضی کے فرضی ریکارڈ تیار کروا کر قدیمی قبرستانوں کو مسمار کرنے اور مقامی آبادی کو ان کے آبائی گاؤں سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نہ صرف ان کے روزگار کے ذرائع کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ علاقے کے پہاڑی سلسلے کو بھی فروخت کرنے میں ملوث ہے، جو مقامی آبادی کے لیے قدرتی تحفظ کا اہم ذریعہ اور ہنگامی حالات میں ایک محفوظ پناہ گاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جس اراضی کو زرعی زمین ظاہر کیا جا رہا ہے، وہاں درحقیقت کوئی قابلِ کاشت زرعی زمین موجود نہیں، بلکہ یہ سرکاری پہاڑی علاقہ ہے جسے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے سندھ ہائی کورٹ، متعلقہ سرکاری اداروں اور منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تحقیقات کرائی جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی آبادی میں پائی جانے والی تشویش اور بے چینی کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں