سیپکو کا بجلی چوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع، لاکھوں روپے کی ریکوری
سکھر(بیورورپورٹ)سیپکو چیف انجینئر اعجاز احمد چنہ کی خصوصی ہدایات پر سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی جانب سے بجلی چوری کے خاتمے اور بقایا جات کی وصولی کے لیے سب ڈویژن بندر روڈ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران سیکڑوں غیر قانونی بجلی کنکشن منقطع کر دیے گئے جبکہ لاکھوں روپے کے واجبات بھی وصول کیے گئے۔آپریشن اسسٹنٹ کمشنر سکھر عبد الحق سیال، ایکسین سکھر خلیل احمد چانڈیو اور ایس ڈی او سب ڈویژن بندر روڈ خلیل الرحمن ڈومکی کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔کارروائی میں سیپکو کے افسران اور عملے میں عبدالمالک سومرو، خادم کٹبر، برکت علی مہر، مقصود بھٹی، ارشد مغل، شکیل شاہ، اویس قریشی، راجہ ویسطلو، گل زمان، مہتاب چنہ سمیت دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔سیپکو ٹیموں نے ورکشاپ روڈ، اچر گلی، شمش آباد، مینانی روڈ، بیراج روڈ، گمھرا ہاؤس، ملڑی روڈ اور دیگر مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر بجلی کنکشنز کی جانچ پڑتال کی۔ اس دوران بجلی چوری میں ملوث متعدد صارفین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشن فوری طور پر منقطع کیے گئے جبکہ بعض مقامات پر موقع پر ہی جرمانے بھی عائد کیے گئے۔حکام کے مطابق آپریشن کے دوران بقایا جات کی مد میں لاکھوں روپے وصول کیے گئے اور نادہندگان کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے واجبات فوری طور پر ادا کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مزید قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سیپکو حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ بجلی چوری قومی معیشت اور بجلی کے نظام کے لیے نقصان دہ عمل ہے، جس میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوری کے خاتمے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے سیپکو انتظامیہ سے تعاون کریں اور غیر قانونی کنکشنز یا بجلی چوری کی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ شفاف اور بہتر بجلی فراہمی کے نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔