7

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور کمشنر

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے ضلع خوشاب میں محرم الحرام کے جلوس روٹس اور اہم امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی، ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لآبر، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران، منتظمین جلوس بھی ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی پوائنٹس، سی سی ٹی وی کوریج، پارکنگ انتظامات اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
افسران نے منتظمین جلوس و مجالس سے ملاقات کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل، ضروری انتظامات اور ممکنہ سکیورٹی خدشات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
آر پی او سرگودھا محمد شہزاد اصف خان نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں گے۔
ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے جلوس روٹس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جامع سیکیورٹی پلان نافذ العمل ہے۔
دورے کے اختتام پر افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع خوشاب میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں