سید نصیر حسین زیدی سکھر پریس کلب۔۔۔۔۔۔۔
محرم الحرام کے دوران سکھر رینج میں 545 امام بارگاہوں، 4415 مجالس اور 868 جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے جامع پلان تیار
سکھر(بیورورپورٹ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکھر رینج ناصر آفتاب کی زیر صدارت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس رینج آفس سکھر میں منعقد ہوا، جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلِ سنت و اہلِ تشیع کے علماء کرام، مشائخ، ذاکرین اور مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی. اجلاس میں ایس ایس پی خیرپور میرس کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور مغل، ایس پی ریلوے سکھر شاہد نواز، اے ڈی آئی جی اسرار بروہی، ایس پی ہیڈ کوارٹر گھوٹکی عبدالقادر چاچڑ سمیت دیگر افسران شریک ہوئے. جبکہ اہلِ تشیع و اہلِ سنت کے متعدد علماء اور مذہبی رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی. اجلاس کے دوران محرم الحرام کے لیے سکھر رینج میں کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا. اہلِ تشیع علماء اور عہدیداران نے محرم الحرام کے لیے پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سراہا. اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی سطح پر علماء اور منتظمین کو سیکیورٹی پلان سے آگاہ کیا جا چکا ہے اور پولیس افسران مسلسل رابطے میں ہیں. ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے کہا کہ سکھر رینج میں 545 امام بارگاہوں، 4415 مجالس، 837 ماتمی جلوسوں اور 31 تعزیہ جلوسوں کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے. محرم الحرام سے قبل کومبنگ اور سرچ آپریشنز سمیت دیگر حفاظتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے. انہوں نے تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی کہ علماء کرام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے. انہوں نے کہا کہ علماء، ذاکرین اور دیگر مذہبی شخصیات کی نقل و حرکت کے دوران مناسب سیکیورٹی فراہم کرنا متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہوگی. ڈی آئی جی سکھر رینج نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی. انہوں نے اسپیشل برانچ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مشکوک عناصر کی نگرانی کے لیے باہمی تعاون مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی. اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے گی جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں اِنر اور آؤٹر کارڈن حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جائے گی. حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سرچنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا. محرم الحرام کے دوران خواتین کی تلاشی اور سیکیورٹی کے لیے لیڈی پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے گی. علاوہ ازیں جلوسوں اور مجالس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا جائے گا، متبادل راستوں کی پیشگی تشہیر کی جائے گی اور ایمرجنسی سروسز کی بلا تعطل آمدورفت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے. ایس پی ریلوے شاہد نواز نے اجلاس کو بذریعہ ٹرین سفر کرنے والے عزاداروں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اور سہولتی اقدامات سے آگاہ کیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران خصوصی کنٹرول رومز بھی قائم کیے جا رہے ہیں جن کی نگرانی ایس پی رینک کے افسران کریں گے. ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علماء کرام، عوام، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے محرم الحرام کو پرامن، محفوظ اور منظم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے.