قیدیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ایسے فورمز انصاف تک رسائی اور شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ریحان گل خٹک
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سنٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے اور انہیں اپنے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے براہِ راست پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا ریحان گل خٹک، ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن محمد رفیق خان، ڈائریکٹر لیگل میاں عزیز، ڈی آئی جی جوڈیشل امین شعیب، ڈی آئی جی جیل خانہ جات پشاور ریجن جناب بیت اللہ خان، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جاوید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل پشاور جناب محمد وسیم خان نے شرکاء کو اس اقدام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر قیدیوں نے اپنے قانونی اور انتظامی مسائل پیش کیے۔ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن محمد رفیق خان نے قیدیوں کو یقین دلایا کہ پراسیکیوشن سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ انہوں نے صوبہ بھر کی جیلوں کے دوروں کے لیے پراسیکیوشن نمائندگان کی تعیناتی کا بھی اعلان کیا۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ریحان گل خٹک نے قیدیوں کے قانونی حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بحالی کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فورمز انصاف تک رسائی اور شکایات کے مؤثر ازالے کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔