سکھر: پینے کے پانی کی عدم فراہمی پر عباسی محلہ کے مکینوں کا احتجاج، فوری بحالی کا مطالبہ
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کی یونین کونسل علی واہن کے علاقے عباسی محلہ میں پینے کے پانی کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عباسی محلہ کے رہائشیوں نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں اسلام دین عباسی، کامران جمانی، حبیب الرحمٰن عباسی، نعیم عباسی، صابر عباسی، محمد اویس اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے، جس کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محرومی نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے جبکہ شدید گرمی کے موسم میں صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث خواتین، بچے، بزرگ اور بیمار افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمازیوں کو وضو کے لیے بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ محکمے اور بلدیاتی حکام کی مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شدید گرمی کے موسم میں ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند رکھنا عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔مظاہرین نے کمشنر سکھر، میئر سکھر، واٹر سپلائی حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ عباسی محلہ میں پینے کے پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور اس سنگین مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔احتجاج کے شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی فراہمی جلد بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور اعلیٰ حکام کے دفاتر کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔