(((سامارو بس اسٹینڈ بنیادی سہولیات سے محروم، مسافروں خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا)))
سامارو شہر کا مرکزی بس اسٹینڈ طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ متعلقہ اداروں اور ذمہ دار حکام کی جانب سے اس سنگین مسئلے پر اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
نیشنل پریس کلب سامارو کی جانب سے متعدد بار اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی، اخباری رپورٹس اور عوامی مطالبات کے ذریعے متعلقہ حکام کی توجہ بھی دلائی گئی، لیکن اس کے باوجود صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔
بس اسٹینڈ پر پینے کے صاف پانی کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ مسافروں کے لیے مناسب واش رومز کا بھی انتظام موجود نہیں۔ خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصاً گرمیوں کے موسم میں جب درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے، مسافروں کو دو دو گھنٹے تک کڑی دھوپ میں انتظار کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
خواتین کے لیے علیحدہ انتظار گاہ، واش روم یا دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان نہایت تشویشناک ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک مصروف تجارتی اور سفری مرکز ہونے کے باوجود سامارو بس اسٹینڈ کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
عوام کا یہ بھی الزام ہے کہ بس اسٹینڈ کے اطراف قبضہ مافیا کا راج برقرار ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کے لیے دستیاب جگہ مزید محدود ہوتی جا رہی ہے۔ غیر قانونی تجاوزات نہ صرف شہریوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ بن رہی ہیں بلکہ بس اسٹینڈ کی مجموعی بدحالی میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔
شہریوں، سماجی تنظیموں اور نیشنل پریس کلب سامارو نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ٹرانسپورٹ اور منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ سامارو بس اسٹینڈ میں فوری طور پر پینے کے صاف پانی، معیاری واش رومز، خواتین کے لیے الگ انتظار گاہ، سایہ دار شیڈز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے عوامی جگہوں کو واگزار کرایا جائے تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
ڈاکٹر ایم لال واگھانی جنرل سیکریٹری صوبہ سندھ مینارٹی ونگ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ