سندھ: میٹرک کے نتائج 10جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے 31 جولائی تک جاری کرنے کا فیصلہ
نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بروقت داخلوں میں سہولت ملے۔وزیر جامعات سندھ
کراچی(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو کی زیر صدارت تمام تعلیمی بورڈز کا اجلاس ہوا جس دوران سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کےسالانہ امتحانات کا جائزہ لیا گیا۔دوران اجلاس تمام تعلیمی بورڈز نے وزیر جامعات کو اپنی ڈویژنز میں منعقدہ امتحانات سے متعلق بریفنگ دیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژنز میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کردیے جائیں، نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بروقت داخلوں میں سہولت ملے جب کہ تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن سپورٹ دیں گے۔دوران اجلاس وزیر جامعات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی بورڈز نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیں گے۔