معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان نے انسپکٹوریٹ جنرل آف پریزنز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ریحان گل خٹک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات،افتخار اللہ جان نے انسپکٹوریٹ جنرل آف پریزنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات،ریحان گل خٹک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران ڈی آئی جی (فائنانس اینڈ پلاننگ) جناب حشمت اللہ، ڈی آئی جی ہزارہ ریجن عمیر خان، ڈی آئی جی پشاور ریجن بیت اللہ خان، ڈی آئی جی مردان ریجن صاحبزادہ قیصر خان اور سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان سمیع اللہ خان شنواری بھی موجود تھے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے محکمہ جیل خانہ جات کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحاتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں، فلاحی سرگرمیوں، نمایاں کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے مختلف محکموں کے ساتھ زیرِ التوا معاملات، انتظامی چیلنجز اور محکمہ کو درپیش مسائل سے بھی معاونِ خصوصی کو آگاہ کیا۔بعد ازاں، معاونِ خصوصی نے سرور روم سمیت انسپکٹوریٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور بالخصوص پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (PMIS) کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نظام کی فعالیت، افادیت اور اصلاحی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات،افتخار اللہ جان نے محکمہ جیل خانہ جات کی مجموعی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور انتظامی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا محکمہ جیل خانہ جات کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اصلاحی نظام کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انہیں عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔