دیر بالا پولیس میں 02 لیڈیز کانسٹیبل سمیت 46 نئے جوان شامل۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے تقرر نامے تقسیم کر دیے۔
دیر بالا(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر ایٹا (ETEA) کے تحت تحریری امتحان، جسمانی ٹیسٹ اور نفسیاتی جانچ سمیت تمام مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے 02 لیڈیز کانسٹیبلز سمیت 46 نوجوانوں کو ضلع دیر بالا پولیس کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی تعیناتی کے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے۔ اس موقع پر نئے بھرتی ہونے والے جوانوں میں تقرر نامے بھی تقسیم کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کے احکامات اور وژن کی روشنی میں ضلع دیر بالا میں پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرتی کا عمل مکمل کیا گیا۔ تمام امیدواروں کا انتخاب مکمل شفافیت اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے نئے بھرتی ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ایسی بہادر اور پیشہ ور فورس کا حصہ بن چکے ہیں جس نے ملک و قوم کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سروس ایک اہم ذمہ داری ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور معاشرے میں امن کا قیام ہے۔ڈی پی او دیر بالا نے مزید کہا کہ نئے جوان اپنے آباؤ اجداد اور شہداء پولیس کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دیانتداری، فرض شناسی، خلوص نیت اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور پیشہ ورانہ رویے کو اپنا شعار بنائیں اور ہر وقت عوامی خدمت اور محکمہ پولیس کی نیک نامی کے لیے کوشاں رہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے بھرتی ہونے والے جوان اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے نہ صرف دیر بالا پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں گے بلکہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے محکمہ اور ملک و قوم کے لیے باعث فخر ثابت ہوں گے۔