11

ہارون آباد وزیروں اور مشیروں کا شہر یا مسائل کا گڑھ؟ سینئر جرنلسٹ عبدالسلام عباسی کی پریس کانفرنس

ہارون آباد وزیروں اور مشیروں کا شہر یا مسائل کا گڑھ؟
سینئر جرنلسٹ عبدالسلام عباسی کی پریس کانفرنس

ہارون آباد ( نامہ نگار ) سینئر جرنلسٹ عبدالسلام عباسی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہارون آباد کو وزیروں اور مشیروں کا شہر کہا جاتا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری واٹر سپلائی کے صاف پانی کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ سیوریج کا نظام مکمل طور پر ناکامی کا شکار نظر آتا ہے۔
عبدالسلام عباسی نے کہا کہ شہر کی متعدد گلیوں اور محلوں میں گندا پانی کھڑا رہنا معمول بن چکا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کئی بار متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندوں کی توجہ ان مسائل کی جانب دلا چکے ہیں، مگر تاحال کوئی مؤثر پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور دعوؤں کے باوجود زمینی حقائق مختلف ہیں۔ اگر شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں تو ترقی صرف دعووں تک محدود رہ جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکموں اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ ہارون آباد کے عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کے خاتمے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں