لبنان پر اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔پاکستان کی سخت الفاظ میں مذمت
اسرائیلی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔عاصم افتخار
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خطے میں دیرپا امن کا حصول صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لبنان میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے بات چیت اور سفارتی حل ناگزیر ہے۔عاصم افتخار نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا ہے کہ اگر حزب اللہ نے اسرائیلی شہروں اور شہریوں پر حملے بند نہ کیے تو اسرائیل بیروت میں اپنے بقول دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنائے گا۔