رواں سال قربانی میں اضافہ، ملک بھر میں 74 لاکھ 70 ہزار جانور قربان*
ٹینریزایسوسی ایشن نے رواں سال عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال عید الاضحیٰ پر 7.06فیصد زیادہ جانورقربان کیے گئے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 74 لاکھ 70ہزار جانور قربان کیے گئے جبکہ گزشتہ سال 69 لاکھ 77 ہزار 565 جانورقربان کیے گئے تھے۔
ٹینریز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ اس سال 27 لاکھ 50 ہزار گائیں اور بیل قربان کیے گئے، 42 لاکھ بکرے، 5 لاکھ بھیڑیں اور 25 ہزار اونٹ قربان کیے گئے۔
ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق اس سال بیل اور گائے کی کھال کی قیمت 2200 روپے رہی، بکرے کی کھال 600 روپے، بھیڑ کی 100 اور اونٹ کھال کی قیمت 2 ہزار روپے رہی۔
ٹینریز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کھالوں کی مجموعی مالیت 8ارب 67 کروڑ روپے رہی۔