ضلع خوشاب میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن مثالی انداز میں کامیابی سے مکمل
خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف
وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع خوشاب بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے مقررہ مدت سے قبل عید صفائی آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین آبر نے عید کے تینوں دن صفائی آپریشن کی خود نگرانی کی اور اس کے مؤثر اور بروقت نفاذ کو یقینی بنایا۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین آبر، منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب غزالہ کنول، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب چوہدری ضیاء اللہ اور دیگر ضلعی افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی مؤثر منصوبہ بندی، انتھک محنت اور فوری اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی جامع انتظامات کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین آبر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عمارہ شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایم ڈی ستھرا پنجاب غزالہ کنول، اے ڈی سی ریونیو عبداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ضیاء اللہ اور ستھرا پنجاب کے ضلعی انچارج کی زیر نگرانی عید کے تینوں دن شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔
عید گاہوں اور مساجد میں قائم واش رومز اور وضو خانوں کی مکمل صفائی اور جراثیم کش ادویات سے دھلائی کی گئی۔ سڑکوں، بازاروں، گلی محلوں، رہائشی علاقوں اور قربانی کے لیے مختص مقامات پر صفائی اور دھلائی کا عمل مسلسل جاری رہا۔ آپریشن کے دوران 16,610 کلو گرام چونا، 1,200 لیٹر فینائل اور 320 لیٹر عرقِ گلاب استعمال کیا گیا تاکہ صفائی اور خوشبو دار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضلع کی چاروں تحصیلوں میں آگاہی کیمپس اور کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے۔ ستھرا پنجاب کے کارکنوں کو کھانا اور پینے کا صاف پانی بھی فراہم کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین آبر، ایم ڈی ستھرا پنجاب غزالہ کنول اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ضیاء اللہ نے چوبیس گھنٹے آگاہی کیمپس کا دورہ کر کے سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے شہریوں میں ڈسپوزل بیگز کی تقسیم کی بھی خود نگرانی کی۔
فیلڈ اسٹاف عید کے تینوں دن جانوروں کی آلائشوں اور کچرے کو بروقت جمع کرنے اور محفوظ طریقے سے تلف کرنے میں سرگرم عمل رہا، جس سے صفائی کے معیار میں نمایاں بہتری آئی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آیا۔ صفائی آپریشن کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 5,845 ٹن آلائشیں اور کچرا محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔
عید کی تعطیلات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین اپنے فرائض تندہی سے انجام دیتے رہے، جس کے نتیجے میں ضلع خوشاب میں صفائی کی مجموعی صورتحال انتہائی اطمینان بخش رہی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔
صفائی آپریشن کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین آبر نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ ستھرا پنجاب پروگرام کی مسلسل کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے صفائی کارکنوں میں کھانا بھی تقسیم کیا اور عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی برقرار رکھنے میں ان کی محنت، لگن اور گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔