شہید بے نظیر اباد نواب شاہ میں گٹر میں گر کر متعدد بچوں کی ہلاکت ضلعی انتظامیہ اور ٹاؤن چیئرمینوں کی مجرمانہ غفلت کے بعد
علینہ فاطمیہ ہلاکت کیس میں اہم پیش رفت، سیشن کورٹ کا ٹاؤن چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)
نواب شاہ کے علاقے سانگھڑ روڈ یونین کمیٹی نمبر 07 اصغر کالونی میں کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والی پانچ سالہ معصوم بچی علینہ فاطمیہ کی المناک ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ سیشن کورٹ نے ٹاؤن چیئرمین اولڈ نواب شاہ محمد حیات کاکاپوٹا، وائس چیئرمین یعقوب آرائیں سمیت دیگر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معصوم بچی کے والد ذوالفقار شاہ انصاف کے حصول کے لیے مختلف فورمز پر آواز بلند کرتے رہے، تاہم شنوائی نہ ہونے پر انہوں نے ایڈوکیٹ منہاج صدیقی اور ایڈوکیٹ محمد نعیم چوہان کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت نے دلائل اور دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ٹاؤن انتظامیہ کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور فرائض میں مجرمانہ غفلت کو بنیاد بناتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم صادر کیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اصغر کالونی سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں کھلے گٹر اور ناقص نکاسی آب کا نظام عرصہ دراز سے شہریوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر اور مستقل اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا۔
واضح رہے کہ علینہ فاطمیہ کی ہلاکت کے بعد ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی نے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ 48 گھنٹوں کے اندر لکڑی کے عارضی ڈھکن ہٹا کر آر سی سی سیمنٹ کے ڈھکن نصب کیے جائیں، تاہم 20 اپریل کو جاری ہونے والے ان احکامات پر بھی مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں اور مرکزی شاہراہوں پر تاحال لکڑی کے خستہ حال ڈھکن موجود ہیں، جو کسی بھی وقت مزید حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔