محکمہ صحت و بہبودِ آبادی کے زیرِ اہتمام
آگاہی سیمینار اور دستاویزی فلموں کی خصوصی نمائش کا انعقاد.
میلسی (محمدمختارسولگی) ضلع وہاڑی کے قصبہ ٹبہ سلطان پور میں محکمہ صحت و بہبودِ آبادی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج میں آگاہی سیمینار اور دستاویزی فلموں کی خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات کی صدارت بالترتیب کالج پرنسپل محترمہ صباحت اور جناب سہیل اعجاز نے کی جبکہ طالبات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کے دوران آبادی، صحت، تعلیم، نوجوانوں کے کردار اور قومی ترقی سے متعلق مختلف معلوماتی ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں جن میں بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات، وسائل پر بڑھتے دباؤ، صحت و تعلیم کے مسائل اور شعور و آگاہی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میلسی آفتاب احمد نے کہا کہ حکومتِ پنجاب عوام میں آبادی، صحت اور متوازن خاندانی نظام سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی ملکی وسائل پر اثر انداز ہو رہی ہے، اس لیے نوجوان نسل کو معیاری اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار کے قابل بنایا جا سکے۔
انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ آگاہی کے اس پیغام کو معاشرے تک پہنچائیں تاکہ ایک صحت مند، تعلیم یافتہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قومی شعور کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔