تعلیمی ادارے معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔چیئرپرسن ناصرہ عبادت
نوشہرہ گرلز کالج معاملہ پر طالبات کو انصاف اور شفاف تحقیقات فراہم کی جائیں۔میڈیا سے گفتگو
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سابقہ میٹروپالیٹن ڈسٹرکٹ ممبر پشاور، چیئرپرسن پختونخوا قومی جرگہ اور چیئرپرسن ہیومن رائٹس موومنٹ خیبرپختونخوا ناصرہ عبادت نے نوشہرہ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کے حوالے سے سامنے آنے والے معاملات پر کہا ہے کہ طالبات کی جانب سے انصاف اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے، اور ایسے معاملات میں متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں اور وہاں زیرِ تعلیم طالبات کے تحفظ، عزت اور اعتماد کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اگر کسی بھی تعلیمی ادارے میں شکایات یا تنازعات جنم لیتے ہیں تو حقائق سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے شفاف انکوائری ناگزیر ہے۔ناصرہ عبادت نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ہر فریق کو اپنی صفائی پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ طلبہ و طالبات کی ذہنی اور تعلیمی فلاح کیلئے مثبت کردار ادا کریں اور سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق معلومات یا الزامات پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے نہ صرف اداروں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ طالبات کی ذہنی کیفیت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء اور متعلقہ ادارے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ طلبہ اور اسٹاف کے بنیادی حقوق محفوظ رہیں۔ اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو اسے انصاف ملنا چاہیے جبکہ بے بنیاد پروپیگنڈے کی بھی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ معاشرتی آگاہی، ذمہ داری اور احتیاط ہر شہری کا فرض ہے اور ہمیں ایسے حساس معاملات میں سنجیدگی، تحمل اور قانون پر اعتماد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔