17

سکھر پولیس کی بروقت کارروائی، خاتون کو ’غیرت کے نام پر‘ قتل ہونے سے بچا لیا گیا

سکھر پولیس کی بروقت کارروائی، خاتون کو ’غیرت کے نام پر‘ قتل ہونے سے بچا لیا گیا

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر پولیس نے ایک بار پھر بروقت اور دانشمندانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو مبینہ طور پر ’غیرت کے نام پر‘ قتل کئے جانے سے بچا لیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر تھانہ دادلوء پولیس نے کی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ دادلوء پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ چند مسلح ملزمان ایک خاتون (مسمات س) کو سیاہ کاری کا الزام لگاتے ہوئے کھجور کے باغ کی طرف لے جا رہے ہیں جہاں ان کا ارادہ خاتون کو قتل کرنے کا تھا۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دادلوء نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے خاتون کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔بازیاب خاتون کو فوری طور پر قانونی تقاضوں کے تحت معزز عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت کے احکامات پر خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے دارالامان منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ محفوظ ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔اس بروقت کارروائی پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے تھانہ دادلوء پولیس پارٹی کو شاباشی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’خواتین کے تحفظ کے لیے سکھر پولیس ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ غیرت کے نام پر ہونے والے کسی بھی ظلم کو پروان نہیں چھوڑا جائے گا۔‘واضح رہے کہ خواتین کے خلاف تشدد اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ملک بھر میں تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔ سکھر پولیس کی اس کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جارہا ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں