خطے کی کشیدہ صورتحال، قطری وزیراعظم کا شہبازشریف سے چند روز میں دوسرا رابطہ۔
وزیراعظم کو قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی نے ٹیلیفون کیا اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی نے چند روز کے درمیان دوسری بار ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی کا ٹیلی فون موصول ہوا جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری امن کوششوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی اقدامات پر گفتگو کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے امن اقدامات کے لیے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم نے امیر قطر کے لیے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ وہ امیرِ قطر کے آئندہ دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امیرِ قطر کا دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔