کامسیٹس وہاڑی کیمپس میں بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔
بین الاقوامی ویبینار میں 20 سے زائد ممالک کے ماہرین نے بھرپور شرکت کی۔
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، وہاڑی کیمپس میں بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد، 20 سے زائد ممالک کے ماہرین کی شرکت.تعلیم کی ڈیجیٹل منتقلی اور ورچوئل کلاس روم کے ارتقاء پر عالمی ماہرین کا تبادلہ خیال. کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، وہاڑی کیمپس کے شعبہ ہیومینیٹیز کے زیرِ اہتمام “ورچوئل کلاس روم کا ارتقاء: پوسٹ ڈیجیٹل تعلیم میں عالمی رجحانات اور مقامی حقائق” کے عنوان سے ایک پروقار بین الاقوامی ویبینار منعقد ہوا۔تقریب یونیورسٹی کی جانب سے عالمی تعلیمی مکالمے کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔
ویبینار کی صدارت کیمپس ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد نے کی، جن کی وژنری قیادت میں اس علمی نشست کا انعقاد ممکن ہوا۔ اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیمی اداروں کے درمیان بین الاقوامی اشتراکِ عمل ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے جدید تعلیمی اصلاحات اور ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اساتذہ اور طلبہ کی پیشہ ورانہ تیاری پر خصوصی زور دیا۔تقریب کے مہمانانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر خدا بخش، دین آفس آف منیجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر علی احمد، چیئرپرسن آفس آف ہیومینیٹیز اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران قریشی، سابق ہیڈ آف میتھمیٹکس ڈیپارٹمنٹ تھے۔
تقریب میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ ویبینار میں دنیا کے 20 سے زائد ممالک سے 184 ماہرینِ تعلیم اور محققین نے رجسٹریشن کروائی اور ان لائن شرکت کی۔ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں 180 سے زائد مقامی شرکاء بھی موجود تھے، جبکہ گوگل میٹ کے ذریعے بین الاقوامی محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد آن لائن منسلک رہی۔ویبینار سے دنیا کے معروف تعلیمی اداروں کے پروفیسرز نے کلیدی خطاب کیے جن میں نیدرلینڈز سے یونیسکو پروفیسر اور یونیورسٹی آف ٹوینٹے کے عالمی شہرت یافتہ محقق پروفیسر ڈاکٹر پیٹ کومرز نے جدید تعلیمی ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے تعلیمی نظام پر مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔مراکش کے معروف محقق پروفیسر ڈاکٹر الحسن الہلالی نے عالمی تعلیمی رجحانات کا نقشہ پیش کرتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو اجاگر کیا۔تیونس کی یونیورسٹی آف کارتھیج سے تعلق رکھنے والی پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ بن نصر نے ورچوئل لرننگ کے دوران پیش آنے والے عملی چیلنجز اور ان کے حل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ایونٹ کی کامیابی میں پیٹرن ان چیف پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد کی سرپرستی کے ساتھ ساتھ چیف آرگنائزر و ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ہیومینیٹیز ڈاکٹر نازیہ سلیمان، ویبینار آرگنائزر ڈاکٹر سید ابرار حسین شاہ، نیٹ ورک ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر حافظ یاسر غفور اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں مقامی طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے بین الاقوامی ماہرین سے ورچوئل تعلیم اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حوالے سے اہم سوالات کیے۔ کیمپس ڈائریکٹر نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام بین الاقوامی مقررین کا شکریہ ادا کیا اور انتظامی ٹیم کو اعلیٰ معیار کے علمی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔