13

دختر پنجاب جھنگ میں تھیلیسیمیا میجر کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر کا قیام یقینی بنائیں، متاثرہ فیملیزکی وزیر اعلٰی سے اپیل

دختر پنجاب جھنگ میں تھیلیسیمیا میجر کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر کا قیام یقینی بنائیں، متاثرہ فیملیزکی وزیر اعلٰی سے اپیل
جھنگ ( ): دختر پنجاب و ہر دلعزیز وزیراعلٰی مریم نواز شریف جھنگ کےتھیلیسیمیا میجر کے موذی مرض میں مبتلا سینکڑوں افراد کو فوری علاج معالجہ کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے جھنگ میں سٹیٹ آف دی آرٹ تھیلیسیمیا سنٹر کا قیام یقینی بنائیں تاکہ کمر توڑ مہنگائی کے اس دور میں اذیتناک سفر کرکے جھنگ سے فیصل آباد اور لاہور جانیوالے مریضوں کو مقامی سطح پر ہی بروقت ٹریٹمنٹ کی سہولیات میسر آسکیں۔وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے نام اپیل میں متاثرہ مریضوں اور ان کے فیملی ممبران نے کہا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرضلع جھنگ میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے جدید اور معیاری ٹریٹمنٹ سنٹر کا فوری قیام اشد ضروری ہے۔
انہوں نے نہایت سنجیدہ اور انسانی ہمدردی پر مبنی انداز میں نشاندہی کی کہ جھنگ اور اس کے گردونواح میں تھیلیسیمیا کے سینکڑوں مریض بچے موجود ہیں، جو ہر ماہ خون کی منتقلی کے لیے لاہور اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر نہ صرف مالی بوجھ کا باعث بنتا ہے بلکہ مریض بچوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے شدید ذہنی و جسمانی اذیت بھی پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بروقت اور تسلسل کے ساتھ علاج میسر نہ ہونے کی وجہ سے بعض بچے جان کی بازی بھی ہار جاتے ہیں، جو کہ ایک بڑا انسانی المیہ ہے۔
انہوں نے دختر پنجاب سے اپیل کی کہ مذکورہ سٹیٹ آف دی آرٹ تھیلیسیمیا سنٹر میں محفوظ اور مفت خون کی فراہمی، آئرن کی زیادتی کو کنٹرول کرنے کے لیے ادویات و انجکشنز اور ماہر ہیماٹولوجسٹ سمیت تربیت یافتہ طبی عملہ فراہم کیا جائے تاکہ مریض بچوں کو مقامی سطح پر ہی معیاری علاج میسر آ سکے۔
انہوں نے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سے امید ظاہر کی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جھنگ میں تھیلیسیمیا سنٹر کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فوری عملی اقدامات یقینی بنائیں گی تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانا ممکن ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں