*خضدار میں جھالاوان سمر فیسٹیول کے سلسلے میں مختلف تعلیمی و تربیتی اور اسپورٹس ایونٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ فیسٹیول کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس، والی بال، حفظ و قراءت، نعت خوانی اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔*
خضدار:7 مئی 2026/ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد حسین اور ظاہر کریم نے فیسٹیول کی مختلف تقریبات کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈویژنل پبلک اسکول خضدار میں طالبات کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر داؤد بلوچ نے طالبات کو جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال اور مستقبل میں اس کے کردار پر تفصیلی لیکچر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھالاوان سمر فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور میں ہماری بچیوں کا AI جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں میں جدید علوم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
گورنمنٹ گرلز اسکول خضدار میں حفظ و قراءت، نعت خوانی اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے۔ طالبات نے تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول اور موضوعاتی تقاریر میں بھرپور حصہ لیا۔ تقریب کے مہمان خاص اشرف بلوچ اور رئیس تنویر کرد تھے۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی و دینی تعلیمات ہماری بنیاد ہیں لیکن ان کے ساتھ دنیاوی علوم کا حصول بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان کی ثقافت میں علم و ادب کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی ہے اور ہمیں اپنی بچیوں کو دونوں علوم سے آراستہ کرنا ہے۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی دلچسپی اور ان کی قیادت منعقدہ یہ ایونٹس حوصلہ افزا ہیں۔
گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج خضدار میں طالبات کے مابین والی بال کے مقابلے کرائے گئے۔ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور شرکاء نے بھرپور داد دی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عابد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طالبات کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ جھالاوان سمر فیسٹیول کے ذریعے بچیوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیاں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ کھیلوں میں بھی آگے بڑھ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جھالاوان سمر فیسٹیول ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں دو روزہ فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں کھیلوں کے مقابلے، تعلیمی نمائشیں اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ یہ فیسٹیول طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرے گا اور ان کے حوصلے بلند کرے گا۔ یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔