مولانا فضل الرحمان کا 8 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان، شیخ مولانا محمد ادریس کے قتل کے خلاف مظاہرے ہوں گے۔
امن کے داعی علماء کو نشانہ بنانا حکومتی ناکامی ہے: علامہ راشد محمود سومرو.
سکهر(بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ امن اور انسانیت کے داعی شیخ مولانا محمد ادریس کے بے گناہ قتل اور ملک میں بدامنی کے خلاف، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر 8 مئی بروز جمع پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے نکالے جائیں گے۔اس سلسلے میں جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو اور امیر سندھ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں جے یو آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شیخ مولانا محمد ادریس ممتاز عالم دین مولانا حسن جان کے داماد تھے۔ مولانا حسن جان کو پاکستان میں خودکش حملوں کے خلاف فتویٰ دینے کے باعث شہید کیا گیا تھا، جبکہ شیخ محمد ادریس بھی انہی کے مشن اور فکر کو آگے بڑھا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد ادریس کی سوچ تھی کہ علماء سیاست میں کردار ادا کرکے عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں عملی حصہ لیں۔ وہ اتحاد، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کے داعی تھے اور بلا امتیاز مذہب و نسل انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ امن کے داعی افراد کا بدامنی کا شکار ہونا حکمرانوں کی ناکامی ہے، جبکہ قاتلوں کی فوری گرفتاری اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔