روہڑی میں سولنگی برادری کا دیرینہ تنازع خوش اسلوبی سے حل، اتحاد و یکجہتی کی مثال قائم
سکھر/روہڑی(بیورورپورٹ)روہڑی میں سولنگی برادری کے دو گروپوں کے درمیان جاری دیرینہ تنازع خوش اسلوبی اور باہمی افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا، جس کے بعد برادری کے معززین نے اختلافات ختم کر کے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کر دی۔ صلح کی اس بامقصد تقریب میں برادری کے سرکردہ افراد اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس پیش رفت کو برادری کے روشن مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق سولنگی برادری کے معتبر رہنما سردار شبیر خان سولنگی اور سردار راحیل خان سولنگی، برادری کے بزرگ ہزارو خان سولنگی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر روایتی قبائلی و سماجی اقدار کے مطابق عزت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے ہزارو خان سولنگی نے سردار راحیل خان سولنگی کو پٹکا پہنایا، جبکہ حاجی عبدالخالق سولنگی نے سردار شبیر خان سولنگی کو پٹکا پیش کیا۔تقریب کے دوران برادری کے معززین نے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ رنجشوں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار شبیر خان سولنگی نے کہا کہ کسی بھی برادری کی اصل طاقت اس کے اتحاد، اتفاق اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام افراد ذاتی اختلافات اور رنجشوں کو پس پشت ڈال کر اجتماعی مفاد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔انہوں نے کہا کہ باہمی نااتفاقی اور اختلافات برادری کو کمزور کرتے ہیں، جبکہ اتحاد و یکجہتی ترقی، استحکام اور عزت کا سبب بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برادری کی اجتماعی بہتری اسی وقت ممکن ہے جب تمام افراد محبت، برداشت اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں۔اس موقع پر سردار شبیر خان سولنگی نے مصالحتی کردار ادا کرتے ہوئے حاجی عبدالخالق سولنگی اور ہزارو خان سولنگی کے درمیان موجود شکوے شکایات دور کروائیں اور دونوں رہنماؤں کو گلے ملا کر صلح کرا دی۔ اس منظر کو شرکاء نے نہایت خوش آئند قرار دیا اور اس اقدام کو برادری میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار شبیر خان سولنگی نے واضح کیا کہ آئندہ برادری میں باہمی احترام، محبت اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، جبکہ اختلافات کو ہوا دینے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت سماجی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برادری کا ہر فرد ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اجتماعی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دے۔اس موقع پر سردار اکبر خان سولنگی، عاشق حسین سولنگی، مور سولنگی، بھورا سولنگی، ضمیر سولنگی، میر حسن سولنگی، حبیب اللہ سولنگی، غلام نبی سولنگی، علی نواز سولنگی، عبدالقیوم سولنگی، نصیر سولنگی، گلاب سولنگی، یعقوب سولنگی سمیت دیگر معززین اور برادری کے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ برادری کے اندر اتحاد، اتفاق، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور تمام معاملات باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ روہڑی میں سولنگی برادری کے اس مثبت اقدام کو مقامی سماجی حلقوں نے بھی سراہا ہے اور اسے دیگر برادریوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال قرار دیا جا رہا ہے۔