20

سکھر: امن و امان کے قیام کا مشن جنرل ہولڈ اپ اور اسنیپ چیکنگ جاری، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح

سکھر: امن و امان کے قیام کا مشن جنرل ہولڈ اپ اور اسنیپ چیکنگ جاری، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح

سکھر(بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے سکھر پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر جنرل ہولڈ اپ اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ کارروائیاں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان کے احکامات پر ایس ڈی پی اوز کی براہ راست نگرانی میں تمام ایس ایچ اوز سمیت تمام تھانوں کی نفری مکمل طور پر متحرک ہے۔ مختلف علاقوں میں مؤثر چیکنگ کی جا رہی ہے اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی جانچ پڑتال کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں دن رات جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت تمام اہم مقامات پر اسنیپ چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان پوائنٹس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے جبکہ جدید تلاش ایپ کے ذریعے شہریوں کی ویری فکیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل میں مفرور ملزمان اور مشتبہ عناصر کو گرفتار کرنے میں مدد ملی ہے۔سکھر پولیس کی جانب سے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، بغیر نمبر پلیٹس، کالے شیشوں، بلیو لائٹس، فینسی نمبر پلیٹس، اپلائیڈ موٹر سائیکلوں اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ مختلف چیکنگ پوائنٹس پر ایسی گاڑیاں ضبط کر کے چالانی کارروائی کی گئی ہے اور کم عمر ڈرائیوروں کے والدین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیوں کے دوران مشتبہ افراد کی تلاشی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے، جس کے بعد علاقے میں جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ان تمام اقدامات کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنا ہے۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے کہا کہ “پولیس عوام کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور اس مشن میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔” انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کا تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔علاقہ مکینوں نے پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔ ایک شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ “حالیہ دنوں میں سکھر میں سیکیورٹی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، جس سے ہم بہت پر سکون ہیں۔”سکھر پولیس نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امن و امان کے قیام کے لیے یہ سلسلہ جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں