ٹریفک مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے لیے اہم اجلاس۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عاطف خان، رکن صوبائی اسمبلی طارق محمود اریانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ضلع مردان کے ٹریفک مسائل اور ان کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عاطف خان، صوبائی اسمبلی کے رکن طارق محمود آریانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مردان سید فہد افتخار، ایگزیکٹو انجنیئر سی اینڈ ڈبلیو، مینجر خیبر پختونخوا سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ، محکمہ ایریگیشن، پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔یہ اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جناب سہیل خان آفریدی کی جانب سے حالیہ دورۂ مردان کے موقع پر اعلان کردہ ترقیاتی پیکج کے تناظر میں منعقد کیا گیا، جس میں سڑکوں کی توسیع، بہتری اور خوبصورتی سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے پیش کردہ منصوبہ جات پر غور کرتے ہوئے ان کی افادیت اور عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران شہر کے اہم چوکوں اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کے مسائل، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر، گنجان سڑکوں کی مرمت و توسیع، جبکہ اندرونی سرکلر روڈ کے قیام جیسے اہم نکات زیر بحث آئے۔ مزید برآں تجاوزات کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی اشتراک سے ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دینے اور ٹریفک کے مسائل کے دیرپا حل کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔