معرکہ حق صرف ہتھیاروں کی نہیں عزم و حوصلے کی بھی فتح تھی۔بلاول بھٹو زرداری
ہم امن سے نہیں ڈرتے، ہم امن چاہتے ہیں مگر امن باہمی عزت و احترام سے ہونا چاہیے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی
کراچی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ افواج پاکستان نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی اور یہ فتح صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ عزم و حوصلے کی جیت تھی۔معرکہ حق کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ ایک سال قبل پاکستان غیریقینی صورتحال کا شکار تھا، دشمن سمجھتا تھا کہ وہ پاکستان کو توڑ اور ہرا سکتا ہے، یہ دشمن کا خیال تھا کیونکہ وہ پاکستان سے واقف نہیں تھا، مسلح افواج نے جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ دفاع کیا۔انہوں نےکہا کہ یہ ہم سب کی یکجہتی کی جیت ہے، پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نا ہی برداشت کرےگا، افواج پاکستان نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی، یہ فتح صرف ہتھیاروں کی نہیں، عزم و حوصلے کی جیت تھی، یہ کامیابی اتحاد، یکجہتی اور قومی طاقت کا مظہر بنی، یہ اُن لوگوں کی فتح تھی جنہوں نے جھکنے سے انکار کیا، شمال کے پہاڑوں سے بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک قوم ایک صف میں کھڑی رہی۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، ہمارے سفارتکاروں نے سفارتی محاذ پر دشمن کا بھرپورمقابلہ کیا، سفارتکاروں نے مؤقف کو مؤثر اور واضح انداز میں دنیا کے سامنے رکھا، تاریخ شور سے نہیں بنتی، کامیابی کے بعد ذمہ داری ہے کہ ہمیں ملک کو مزید مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن سے نہیں ڈرتے، ہم امن چاہتے ہیں مگرامن باہمی عزت واحترام سے ہونا چاہیے، ایک سال پہلے دنیا ہم پر شک کرتی تھی، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ہیں، پاکستان آزمائشوں سے نکھرا اور قربانیوں سے مضبوط ہوا۔