کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد کی اہم ملاقات۔
فردوس بازار اور بورڈ بازار میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایات جاری
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر جنید الطاف، سینئر نائب صدر ندیم رؤف اور صدر تاجر انصاف شاہد خان کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں کو درپیش مسائل، کاروباری سہولیات اور شہری نظم و ضبط سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران تجاوزات کے خاتمے اور ریڑھی بانوں کے روزگار کے تحفظ کے لیے مختلف بازاروں میں ایک ہی سائز، رنگ اور ڈیزائن کی ریڑھیوں کے اجراء کی تجویز پیش کی گئی، جس کے لیے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنی مکمل معاونت کی پیشکش کی۔کمشنر پشاور ڈویژن نے بعض مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں، جبکہ دیگر امور کو اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھانے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، شہر میں ریڑھی بانوں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور مخصوص مقامات کے تعین پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہری خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔ابتدائی مرحلے میں فردوس بازار روڈ اور بورڈ بازار میں یکساں ڈیزائن کی ہتھ ریڑھیوں کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں اجلاس میں شریک اسسٹنٹ کمشنر فقیر آباد اور اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیمبر آف کامرس کے نمائندگان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور ان کے جائز مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمشنر آفس کے دروازے تاجروں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تاجر نمائندوں نے ملاقات کے لیے وقت دینے اور مسائل کے حل کے لیے احکامات پر کمشنر پشاور ڈویژن کا شکریہ ادا کیا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا