36

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)لیکچرار علی خان مہر پر امتحان کے دوران طلبہ کا تشدد،

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)لیکچرار علی خان مہر پر امتحان کے دوران طلبہ کا تشدد، مسلم لیگ فنکشنل کی شدید مذمت ضلع نوابشاہ میں امتحانی مرکز کے اندر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مسلم لیگ فنکشنل ضلع نوابشاہ کے جنرل سیکریٹری خیر محمد مہر کے بھتیجے اور سرکاری کالج کے لیکچرار علی خان مہر پر امتحانات کے دوران طالب علم فیضان علی ولد بشارت ججہ نے حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعے کے فوراً بعد مسلم لیگ فنکشنل ضلع نوابشاہ کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ پارٹی قیادت نے اس واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا احترام ہر معاشرے کی بنیاد ہے۔ امتحانی مرکز جیسی مقدس جگہ پر استاد پر ہاتھ اٹھانا ناقابل برداشت ہے اور تعلیمی اداروں کے تقدس کی کھلی پامالی ہے۔مسلم لیگ فنکشنل نوابشاہ کے ترجمان نے کہا کہ لیکچرار علی خان مہر ایک فرض شناس اور باکردار استاد ہیں۔ امتحانی ڈیوٹی کے دوران نقل کی روک تھام پر طالب علم فیضان علی نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس طرح کے واقعات سے اساتذہ کا مورال گرے گا اور امتحانی نظام شفافیت سے محروم ہو جائے گا۔پارٹی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ تعلیم سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام طلبہ کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ ساتھ ہی امتحانی مراکز میں اساتذہ کے تحفظ کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔
مسلم لیگ فنکشنل نے واضح کیا کہ اگر ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو پارٹی اساتذہ اور تعلیمی تنظیموں کے ساتھ مل کر احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔ تعلیم دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اساتذہ تنظیموں اور سول سوسائٹی نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے اور لیکچرار علی خان مہر سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں