*فیصل آباد ایس پی اقبال ٹاؤن کے خلاف مبینہ اہلیہ کا احتجاج، شادی کے دعوے پر افسر روپوش*
فیصل آباد میں ضلع کونسل چوک پر ایک خاتون کی جانب سے سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایس پی اقبال ٹاؤن سعید احمد کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
خاتون کا مؤقف ہے کہ متعلقہ پولیس افسر نے ان سے باقاعدہ شادی کی، تاہم اب وہ رابطہ منقطع کر کے روپوش ہو گئے ہیں۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا جس پر وہ مجبوراً سڑک پر احتجاج کرنے پر آمادہ ہوئیں۔
واقعہ کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور صورتحال کو کنٹرول میں لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے ایس ایچ او سول لائن نے خاتون سے مذاکرات کیے، جس کے بعد انہیں مزید کارروائی اور شنوائی کے لیے آر پی او آفس منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ عوامی حلقوں نے شفاف انکوائری اور حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔