سرکاری اسکول کی ٹیچر ریحانہ اختر کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا
سرکاری اسکول کی ٹیچر ریحانہ اختر کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا، اور انتہائی تشویشناک پہلو یہ ہے کہ اس ہولناک جرم میں ایک پولیس اہلکار مرکزی ملزم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
ریحانہ اختر نے جب اس شخص کو اپنا گھر کرائے پر دیا ہوگا تو شاید یہی سوچا ہوگا کہ وہ قانون کا محافظ ہے، اس لیے قابلِ اعتماد ہوگا۔ مگر انہیں کیا خبر تھی کہ وہ ایک ایسے شخص کو پناہ دے رہی ہیں جو انسانیت کے لبادے میں درندہ ثابت ہوگا۔
ابتدائی پولیس رپورٹ (FIR) کے مطابق، محلہ حسن پورہ کی رہائشی ریحانہ اختر کو ان کے کرایہ دار کانسٹیبل زاہد سکھیرا نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مبینہ طور پر اغوا کیا اور بعد ازاں قتل کر دیا۔ ملزمان نے جرم چھپانے کے لیے لاش کو گھر سے دور پھینکا، اسے جلانے اور مسخ کرنے کی کوشش کی تاکہ شناخت ممکن نہ رہے۔ مگر ایک بیٹی نے اپنی ماں کو ان کے جوتوں سے پہچان لیا۔ یہ منظر ہر حساس دل کو خون کے آنسو رلانے کے لیے کافی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس اندوہناک واردات کے پیچھے زمین پر قبضے کا لالچ کارفرما تھا۔ مقتولہ کے بھائی عمردراز خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے، جبکہ پولیس نے مقتولہ کی بہو اور اس کے بھائی کو بھی حراست میں لیا ہے، جنہیں اس جرم میں معاون قرار دیا جا رہا ہےئ