سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر: ڈسٹرکٹ آفیسر ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکھر سید غلام مرتضیٰ شاہ نے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول نمائش کالونی پرانا سکھر کے دورے کے دوران انہوں نے ہیڈماسٹر عبدالشکور برڑو اور اساتذہ کو بچوں کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ اور طالبات کے داخلوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے سرکاری اسکولوں میں فرنیچر کی کمی اور دیگر ضروریات سے آگاہ کیا جائے تاکہ مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی ای او اس سلسلے میں بہتری لائیں گے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ تمام طلبہ میں کتابوں کی تقسیم شفاف طریقے سے کی جائے اور کتابوں کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹی ای اوز کی کارکردگی کا باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جاتا ہے جس میں انرولمنٹ کی شرح کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ سرکاری اسکولوں میں داخلوں میں اضافے کے لیے نئے داخلہ فارم آن لائن اپ ڈیٹ کیے جائیں گے۔
داخل ہونے والے بچوں کو کاپیاں، جیومیٹری باکس اور دیگر ضروری تعلیمی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم سید غلام مرتضیٰ شاہ نے گورنمنٹ ہائی اسکول نمائش کالونی کے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات سے مختصر خطاب بھی کیا۔