November 17, 2026

تحریر سکھر۔۔سید نصیر حسین زیدی سکھر صارفین سے غیر قانونی میٹر رینٹ وصولی پر نیپرا کا بڑا فیصلہ، سیپکو کو فوری روکنے کا حکم

Screenshot_2026-04-23_193947

تحریر سکھر۔۔سید نصیر حسین زیدی سکھر

صارفین سے غیر قانونی میٹر رینٹ وصولی پر نیپرا کا بڑا فیصلہ، سیپکو کو فوری روکنے کا حکم

سکھر:
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین سے مبینہ طور پر غیر قانونی میٹر رینٹ وصول کرنے کے معاملے پر سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے خلاف اہم فیصلہ دیتے ہوئے کمپنی کو فوری طور پر میٹر رینٹ کی وصولی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ نیپرا نے سیپکو سے 10 دن کے اندر تفصیلی جواب بھی طلب کر لیا ہے، جبکہ ان تمام صارفین کی مکمل تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں جن سے میٹر رینٹ کی مد میں رقم وصول کی جا رہی تھی۔یہ معاملہ سکھر کے شہری اورنگزیب الٰہی کی جانب سے نیپرا میں اٹھایا گیا، جنہوں نے سیپکو کی جانب سے بجلی صارفین سے میٹر رینٹ کے نام پر اضافی رقم وصول کیے جانے کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیپکو اپنے لاکھوں صارفین سے نیپرا کی منظوری کے بغیر میٹر رینٹ وصول کر رہی ہے،جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ صارفین کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔اورنگزیب الٰہی کے مطابق وہ کراچی سے سکھر منتقل ہوئے تو انہوں نے بجلی کے بلوں کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا کہ سیپکو اب بھی صارفین سے میٹر رینٹ وصول کر رہی ہے، جبکہ دیگر بجلی تقسیم کار اداروں میں اس نوعیت کے چارجز ختم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر سیپکو حکام سے رابطہ کیا اور چیف کمرشل مینیجر جاوید احمد عباس سے ملاقات بھی کی، تاہم کوئی عملی پیش رفت نہ ہونے پر انہوں نے نیپرا سے رجوع کیا۔نیپرا نے 29 نومبر 2025 کو اس معاملے کی سماعت کی، جس کے بعد سیپکو کو فوری طور پر میٹر رینٹ کی وصولی بند کرنے اور تمام متاثرہ صارفین کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت جاری کی گئی۔بعد ازاں 18 جنوری 2026 کو جاری ہونے والے تحریری حکم نامے میں نیپرا نے سیپکو کو میٹر رینٹ کی وصولی سے روکنے کا باقاعدہ حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ صارفین سے اس نوعیت کی رقم وصول کرنا منظور شدہ ٹیرف شرائط کے منافی ہے۔نیپرا کے کنزیومر افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل نوید الٰہی شیخ کی جانب سے سیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ارسال کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے میٹر رینٹ وصول کرنا نیپرا کے منظور شدہ ٹیرف اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں سیپکو سے استفسار کیا گیا ہے کہ وہ کس قانونی جواز کے تحت صارفین سے میٹر رینٹ وصول کر رہی تھی، اور ان تمام صارفین کی اکاؤنٹ وار تفصیلات فراہم کرے جن سے یہ رقم وصول کی گئی۔نیپرا نے اپنے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ الیکٹرک پاور ایکٹ 1997 کے سیکشن 39 کے تحت اتھارٹی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین کے تحفظ کو یقینی بنائے اور بجلی کمپنیوں کی جانب سے غیر قانونی چارجز کی وصولی کو روکے۔شکایت کے مطابق سیپکو کے 10 لاکھ سے زائد صارفین سے ہر ماہ 7 روپے 50 پیسے میٹر رینٹ وصول کیا جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں کمپنی کو ماہانہ تقریباً 75 لاکھ روپے اور سالانہ 9 کروڑ روپے سے زائد کی اضافی آمدن حاصل ہو رہی تھی۔ اندازے کے مطابق گزشتہ 16 برسوں کے دوران یہ رقم کئی کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جس پر صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اورنگزیب الٰہی نے کہا ہے کہ یہ معاملہ صرف چند روپے کا نہیں بلکہ لاکھوں صارفین کے حقوق، قومی شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیپکو سے نہ صرف اس غیر قانونی وصولی کا حساب لیا جائے بلکہ صارفین سے وصول کی گئی رقم واپس بھی کرائی جائے۔انہوں نے وفاقی وزارت توانائی، قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ آئندہ کسی بھی سرکاری ادارے کو صارفین پر غیر قانونی مالی بوجھ ڈالنے کی جرات نہ ہو۔توانائی امور کے ماہرین کے مطابق اگر سیپکو نیپرا کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہی تو کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کے ساتھ ساتھ صارفین سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم بھی دیا جا سکتا ہے۔اسلام آباد میں نیپرا ہیڈکوارٹر سے جاری ہونے والے اس اقدام کو بجلی صارفین کے لیے ایک بڑی قانونی اور عوامی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سکھر سمیت سیپکو کے زیر انتظام علاقوں کے لاکھوں صارفین اس فیصلے کو اپنے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔