میرپورخاص (آن لائن) اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کا انعقاد ہونا بہت ضروری ہے
میرپورخاص (آن لائن) اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کا انعقاد ہونا بہت ضروری ہے تاکہ ان کی بہتر ذہنی و جسمانی تربیت ہو سکے-یہ بات کمشنر جلال الدین مہر نے کمشنر کمیٹی ہال میں اسکولوں و کالجوں میں کھیلوں کے انعقاد کے لیے ڈویژنل اسپورٹس کمیٹی کے قیام کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-انہوں نے مزید کہا کہ کھیل ایک ایسی سرگرمی ہے جس سے بچوں کی ذہنی و جسمانی تربیت ہوتی ہے اس لیے اسکول اور کالج سے ہی بچوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا بہت ضروری ہے-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل اسپورٹس کمیٹی میں مزید ممبران کو شامل کرنے کے لیے ایک سب کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی تاکہ مختلف کھیلوں کے انعقاد کروانے میں مدد ملے سکے. اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کے انعقاد کے لیے شیڈول ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق اگست سے اسکولوں اور کالجوں میں مختلف کھیلوں کا انعقاد کروایا جائے گا. اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص غلام حسین کانیہو ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رانا الطاف آرائین ، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائمری اسکولز چندو مل، کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں واحد حسین پہلوانی، عبدالسلیم خان محمد سلیم بلوچ، رضی انصار، فزیکل ایجوکیشن انسٹرکٹر شاہد بلوچ، پرنسپل پبلک اسکول پروفیسر عمران لاڑک ، صدر آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن فیصل خان زئی، ذوالفقار وسان، مس زم زم، کنول تاج، مس حبیبہ کلثوم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا-