11

سکھر(بیورورپورٹ)سندھ بیراجز امپروومنٹ پروگرام کے تحت سکھر بیراج کی بحالی اور دروازوں کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں

سکھر(بیورورپورٹ)سندھ بیراجز امپروومنٹ پروگرام کے تحت سکھر بیراج کی بحالی اور دروازوں کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں پروجیکٹ انجنیئر عبدالفتاح میمن نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکھر بیراج کے دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 27 دروازے تبدیل کیے جانے تھے، جن میں سے اب تک 16 دروازے نصب کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ باقی ماندہ 11 دروازوں کی تنصیب کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ مرحلہ 31 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ معمولی تاخیر دو سے چار دن تک ہو سکتی ہے، تاہم متعلقہ ٹیم اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے سول اور مکینیکل انجنیئرز مسلسل کام میں مصروف ہیں۔عبدالفتاح میمن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کوفر ڈیم (عارضی بند) کو انتہائی مضبوط بنایا گیا ہے، جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ نہری نظام میں بھی آبپاشی کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی جاری ہے اور بیراج پر جاری کام سے کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں ہیں۔انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور منصوبہ مقررہ رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مزید برآں انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، سیکریٹری آبپاشی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ بیراجز امپروومنٹ پروگرام نورالعارفین جلد سکھر بیراج کا دورہ کریں گے اور جاری کام کا جائزہ لیں گے۔پروجیکٹ انجنیئر کے مطابق چینی انجنیئرز کے تعاون سے سکھر بیراج کے 27 دروازوں کی تبدیلی کا یہ اہم مرحلہ مقررہ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا، جس سے بیراج کی کارکردگی اور پانی کی ترسیل کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں