بیو رو چیف میلسیو ہا ڑ ی میں ظلم کی انتہا: فالج زدہ بزرگ خاتون کو پوتوں نے گھر سے نکال دیا
بیو رو چیف میلسیو ہا ڑ ی میں ظلم کی انتہا:
فالج زدہ بزرگ خاتون کو پوتوں نے گھر سے نکال دیا، جعلی کاغذات کے ذریعے جائیداد ہتھیانے کی کوشش
بھٹو کالونی المعروف کچی آبادی کی رہائشی فالج زدہ بزرگ خاتون چنبیلی بی بی نے ایک دردناک پریس کانفرنس میں اپنے ہی پوتوں کے خلاف ایسے الزامات عائد کیے ہیں جنہوں نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پوتے ملک وقاص اور ملک شہباز نے نہ صرف انہیں ان کے شوہر کے مکان سے بے دخل کر دیا بلکہ جعلی کاغذات تیار کر کے جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔
چنبیلی بی بی کے مطابق پوتوں نے انہیں بہلا پھسلا کر زبردستی انگوٹھے لگوائے اور بعد ازاں انہی کاغذات کو بنیاد بنا کر انہیں گھر سے نکال دیا۔ وہ اس وقت دربدر ہیں جبکہ ان کا سارا گھریلو سامان بدستور مکان کے اندر موجود ہے جس پر مبینہ طور پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ مذکورہ مکان ان کے مرحوم شوہر کے نام ہے اور بطور وارث ان کا قانونی حق بنتا ہے، مگر انہیں اپنے ہی گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بزرگ خاتون نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے پوتوں نے الٹا ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے تاکہ انہیں قانونی طور پر مزید کمزور کیا جا سکے، جبکہ مقامی تھانے میں بھی ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ فالج کے باعث بمشکل گفتگو کرنے والی اس لاچار خاتون کی حالت زار نے ہر دیکھنے والے کو آبدیدہ کر دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران چنبیلی بی بی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جائے، ان کے گھر پر ناجائز قبضہ ختم کروایا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہری حلقوں نے بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری حرکت میں آئے اور ایک بے بس بزرگ خاتون کو اس کا حق دلایا جائے، ورنہ ایسے واقعات معاشرے کے ضمیر پر سوالیہ نشان بنے رہیں گے۔