*اسرائیلی ناکا بندی توڑنے کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا ایک بار پھر غزہ کی جانب روانہ*
بارسلونا: اسرائیلی ناکا بندی توڑنے اور غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا تقریباً 40 کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا بارسلونا سے روانہ ہو گیا۔
منتظمین کے مطابق ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ اتوار کو روانہ ہونا تھا تاہم خراب موسم کے باعث اس کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئی اور یہ قافلہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 11 بجے کے قریب روانہ ہوا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ قافلہ زیادہ تر بادبانی کشتیوں پر مشتمل ہے۔ اس قافلے میں مزید 20 کشتیاں بھی شامل ہوں گی جنہوں نے 4 اپریل کو فرانس کی بندرگاہ مارسی سے روانگی اختیار کی تھی جبکہ 24 اپریل کو اٹلی کے شہر سسلی کی سیراکوس بندرگاہ سے اس قافلے میں دیگر جہاز بھی شامل ہوجائیں گے۔
منتظمین کے مطابق یہ فلوٹیلا جنوبی اٹلی میں ایک ہفتے قیام کرے گا جہاں شرکا کو ’عدم تشدد کی تربیت‘ دی جائے گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں دنیا بھر سے فلسطین کے حامی سیکڑوں کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 2025 کے اواخر میں اسی نوعیت کے ایک قافلے کو اسرائیلی بحریہ نے جبراً روک فلوٹیلا میں سوار کارکنوں کو حراست میں لے ملک بدر کردیا تھا۔