معاون خصوصی شفیع جان سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات۔
معاون خصوصی شفیع جان سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات۔
صنعتی ترقی اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت متحرک ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا
کوہاٹ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رشید پراچہ کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں سید فائق شاہ، فہیم اللہ خان، سمیر حیات اور یونس خٹک شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے اعلانات کی روشنی میں چیمبر آفس کے لیے پلاٹ کی الاٹمنٹ، صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کوہاٹ میں سیکیورٹی کے مستقل حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وفد نے معاشی استحکام کے لیے انتظامی تعاون اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا، جس پر معاون خصوصی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سیکیورٹی اقدامات بہتر بنانے اور ضروری فنڈز کے اجرا کے لیے سنجیدہ کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا تحفظ اور کاروباری طبقے کی سہولت کاری حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا کے صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام ترجیحی امور کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔