سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے مون سون سیزن سے قبل اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے مون سون سیزن سے قبل اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پری فلڈ پلاننگ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے نشیبی علاقوں کی نشاندہی، نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور ڈی سلنگ کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری اور عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور فیلڈ میں مؤثر موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ایم ڈی واسا اور چیف انجینئر انہار نے بریفنگ میں بتایا کہ پری فلڈ انتظامات، کانٹیجنسی پلانز اور فلڈ ریلیف کیمپس کیلئے مقامات مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ سیوریج ڈی سلنگ کا پہلا مرحلہ مکمل اور دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے 30 جون سے قبل مکمل کیے جائیں اور دریا کے پاٹ میں تجاوزات کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔