November 28, 2026

سکھر سے بیورو سید نصیر حسین زیدی سکھر کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں مہران ہائی وے پر اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے عدالتی حکم پر

Screenshot_2026-04-09_131535

سکھر سے بیورو سید نصیر حسین زیدی
سکھر کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں مہران ہائی وے پر اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران جنرل منیجر نیشنل ہائی وے، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی خیرپور میرس، سندھ روڈز ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے حکام سے مہران ہائی وے پر ٹریفک سے متعلق پلاننگ رپورٹ طلب کی، تاہم رپورٹ جمع نہ کرانے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
درخواست گزار امان اللہ کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس امجد علی بوہیو اور جسٹس علی حیدر دریشانی پر مشتمل آئینی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عالم شیر بوزدار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود مہران ہائی وے پر بھاری ٹرالرز اور اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں بدستور چل رہی ہیں، جس کے باعث مہلک حادثات ہو رہے ہیں اور سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار مختلف چیک پوسٹس پر رشوت لے کر بھاری گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دیتے ہیں، جبکہ حادثات کے مقدمات بھی عدالتی احکامات کے مطابق متعلقہ افسران کے خلاف درج نہیں کیے جا رہے۔
عدالت نے ڈی آئی جی سکھر سے حادثات کی ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کیا اور ایس ایس پی خیرپور سے وضاحت مانگی کہ آیا پولیس اہلکار رشوت لے کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں یا نہیں، اور اس حوالے سے کیا کارروائی کی گئی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر عدالت نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر این ایچ اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مہران ہائی وے پر ہونے والے حادثات کے مقدمات این ایچ اے افسران کے خلاف درج کرنے کے حکم پر نظرثانی کی جائے، اور رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کرتے ہوئے این ایچ اے کے جنرل منیجر اور پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹس اور ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔