رپورٹ سید نصیر حسین زیدی سکھر سکھر کے معروف مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ نقوی کا سکھر پریس کلب کا دورہ
رپورٹ سید نصیر حسین زیدی سکھر
سکھر کے معروف مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ نقوی کا سکھر پریس کلب کا دورہ
عہدیداران و سینئر صحافیوں سے ملاقات، عالمی حالات، ایران پر جارحیت اور امن کے پیغام پر خصوصی گفتگو
سکھر کے معروف مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ نقوی نے سکھر پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پریس کلب کے صدر، عہدیداران اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سکھر پریس کلب آمد پر انہیں خوش آمدید کہا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سکھر پریس کلب کے صدر خالد بانبھن، سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید جتوئی، سیکریٹری کامران شیخ، پریس کلب کے جنرل سیکریٹری احقر رضوی،فنانس سیکرٹری شہزاد تابانی، سینئر صحافی آصف ظہیر لودھی، شوکت راہی، سید جواد شاہ،نادر خان،سلیم سہتو، جہانزیب وسیر، زوہیب شیخ،زبیر عباسی، واجد سومرو، کیمرہ مین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے آصف اعوان، حمید گل پہنور سمیت دیگر صحافی سینئر قانون دان سندر چاچڑ، سول سوسائٹی کے لوگ بھی موجود تھے.بعد ازاں سکھر پریس کلب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ سکھر پریس کلب میں صدر اور دیگر ذمہ داران سمیت تمام صحافی حضرات سے ملاقات ہوئی، جس پر وہ پریس کلب انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں نہایت اچھا ماحول ملا اور ملاقات خوشگوار انداز میں ہوئی، جس میں مختلف امور پر گفتگو بھی ہوئی۔انہوں نے عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا اضطرابی کیفیت سے گزر رہی ہے، اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایک بڑا ملک جس نے خود کو دنیا کا سرپرست تصور کیا ہوا تھا، اس کے پاس وسائل، تعلیم اور ذہین افراد کی کثرت ہونے کے باوجود اس کے سربراہ نے دنیا کے سامنے اپنے ملک کی مثبت نمائندگی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے حکمران نے ظلم و زیادتی کا طرزِ عمل اپنایا ہے، جس پر دنیا بھر میں روز بروز تنقید اور عدم اطمینان بڑھتا جا رہا ہے، حتیٰ کہ خود اسی ملک کے شہری بھی اپنے صدر سے ناخوش اور نالاں دکھائی دیتے ہیں۔علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ ظالم کے خلاف نفرت اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا جذبہ پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام انسانیت کے لیے واضح ہے کہ مظلوم چاہے کسی بھی مسلک، دین یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، اگر وہ مظلوم ہے تو اس کی حمایت لازم ہے، اور ظالم چاہے قریبی عزیز یا رشتہ دار ہی کیوں نہ ہو، اس کی مذمت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران مظلوم ہے اور اس پر ظلم و جارحیت کی جا رہی ہے، جس کے ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھرپور انداز میں امریکہ اور اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں اور ایران کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دل و دماغ سے ایران کی عوام، قیادت اور مملکت کے ساتھ کھڑے ہیں۔علامہ شہنشاہ نقوی نے پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں مختلف مقامات پر پاکستان کے حق میں تشکر کے نعرے لگ رہے ہیں اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان کا رویہ اپنے اسلامی پڑوسی ملک کے ساتھ بہتر اور مثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بھی دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان اسی ذمہ دارانہ پالیسی کو برقرار رکھے گا۔افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ تناؤ کا خاتمہ ہونا چاہیے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ اختلافات کو مذاکرات اور بہتر سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے چین کی جانب سے ثالثی کے کردار کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ مذاکرات امید افزا ہیں اور توقع ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ، لڑائی، خونریزی اور نفرت پسندیدہ عمل نہیں، بلکہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے جو سب کو جینے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ اپنے مفادات کے بجائے انصاف اور انسانی ضمیر کو ترجیح دے، کیونکہ صرف ایک رخ سے چیزوں کو دیکھنا دجالی سوچ کی علامت ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو دو آنکھیں دی ہیں تاکہ وہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کے حقوق کو بھی دیکھے۔آخر میں علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ آج دنیا میں معاملہ صرف مذہب یا مسلک کا نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی پہچان کا ہے، اور اب یہ بحث شروع ہو چکی ہے کہ کون حسینی ہے اور کون یزیدی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کا فرض ہے اور امن، محبت اور انصاف کے پیغام کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔